رہبر اسلامک فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام “اہم تربیتی کورس براے مدرسین و ناظمین” کی دوسری نِشَست منعقد ہوئی۔
الحمد لله نشست ہر اعتبار سے کامیاب رہی۔ موسم کی خرابی کے باوجود تقریبا پچاس (٥٠) افراد نے شرکت کی۔ نشست میں مُقَرَّر عنوان پر استاذ العلماء، جامع المعقول والمنقول، شیخ الحدیث مفتی محمد احسن نوید خان نیازی صاحب دامت فیوضھم (شیخ الحدیث رہبر اسلامک فاؤنڈیشن) نے لیکچر دیا۔ مختلف علوم و فنون کی متعدد کتب پر عالمانہ و ماہرانہ تجزیہ و تبصرہ آپ کی وسعتِ مطالعہ اور دِقَّتِ نظر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یُوں تو سارا لیکچر ہی شان دار تھا مگر بالخصوص طبقاتِ فُقَہا کی مشہور تقسیم پر مُلاحَظات اور ان کے جوابات و حل کا بیان اپنی مثال آپ تھا۔ لیکچر نادر علمی و تحقیقی نکات کا بہترین مجموعہ تھا۔ زبان و بیان کا چٹخارا اس پر مستزاد تھا۔ لیکچر کا یہ امتیازی وصف بھی قابلِ ذکر و لائقِ تحسین ہے کہ تقریبا تین گھنٹے کی طویل نشست کے باوجود سامعین کی دلچسپی اور انہماک میں کوئی کمی نظر نہ آئی۔
نشست کے انتظام و انصرام اور کامیاب انعقاد کا سہرا استاد العلماء علامہ غلام یاسین چشتی صاحب مدظله العالى (ناظمِ تعلیمات رہبر اسلامک فاؤنڈیشن) کے سر جاتا ہے۔ نشست کے بعد کئی شُرَکا کی طرف سے زبانی، تحریری اور صوتی پیغامات کی صورت میں تعریف و تحسین پر مبنی بہت حوصلہ افزا تاثرات موصول ہوئے۔ ادارہ ان سب کی شرکت اور معاونت پر شکریہ ادا کرتا ہے۔ اِس علمی سفر میں ادارے کے سربراہ مبلغِ اسلام، نباضِ قوم، علامہ عبد الجبار احمد نقشبندی صاحب دام ظله (سربراہ رہبر اسلامک فاؤنڈیشن) کی مساعیِ جمیلہ کا خاص دخل ہے۔ الله تعالی ادارے کے علمی و تحقیقی کاموں میں عافیت کے ساتھ برکت عطا فرمائے اور یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہے۔